کاروار؍منگلورو؍اُڈپی:یکم دسمبر (ایس اؤ نیوز)کووڈ-19کی وجہ سے ملتوی کئے گئے گرام پنچایت انتخابات ریاست کرناٹک میں 22اور27دسمبر کو ہونگے ۔ اسی کے ساتھ ساحلی پٹی کے اترکنڑا، اُڈپی اور دکشن کنڑا میں بالترتیب 231، 154 اور 223 کل 608گرام پنچایتوں کے لئے دو مرحلوں میں انتخابات منعقد ہونگے۔ 30دسمبر کو ووٹوں کی گنتی ہوگی۔ انتخابات کے اعلان کے ساتھ ہی انتخابی ضابطہ ٔ اخلاق بھی نافذ ہونے کا الیکشن کمیشن نے اعلان کیا ہے،جو 31دسمبر کی شام 30-5بجے تک جاری رہےگا۔ البتہ جس پنچایت میں سبھی امیدوار بلا مقابلہ منتخب ہوئےہیں وہاں ضابطہ ٔ اخلاق نافذ نہیں رہےگا۔ساحلی اضلاع کی تفصیل کچھ اس طرح ہے۔
اترکنڑا:اترکنڑا ضلع کی 231گرام پنچایتوں کے لئے انتخابات ہونگے۔ جس میں ساحلی پٹی پر واقع 5تعلقہ جات کاروار، ہوناور، کمٹہ ، بھٹکل اور انکولہ کی 105گرام پنچایتوں میں 22دسمبر کو اور گھاٹ کے اوپر والے7 تعلقہ جات سرسی ، سداپور، یلاپور، منڈگوڈ، ہلیال، جوئیڈا اور ڈانڈیلی کی 126گرام پنچایتوں میں 27دسمبر کو انتخابات منعقد ہونگے۔ضلع میں کل 231گرام پنچایت کے انتخابات کے لئے 1394پولنگ بوتھ بنائے گئےہیں۔ کل 8،65،329رائے دہندگان اپنے ووٹ کا استعمال کریں گے۔
منکی پٹن پنچایت کا بھی اعلان : حال ہی میں ریاستی کابینہ کی طرف سے ہوناور تعلقہ کے منکی ہلے مٹھ، گولدکیری گرام پنچایت اور چتار اوراننت واڑی کا ایک ایک سیکٹر شامل کرتے ہوئے منکی کو پٹن پنچایت کا درجہ دیا گیا ہے۔ چونکہ حکومت کی طرف سے الیکشن کمیشن کو ابھی تک مصدقہ طورپر اعلامیہ نہیں بھیجا ہے تو کمیشن نے منکی گرام پنچایت کے طورپر الیکشن کا اعلان کیا ہے۔ سرکاری سطح پر لفافوں کا تبادلہ ہونا باقی ہے اس کے بعد ہی یہاں کے انتخابات کو روکا جاسکتاہے۔
اُڈپی : ضلع کے 7تعلقہ جات کے 154گرام پنچایتوں کے لئے بھی دو مرحلوں میں انتخابات ہونے کی ضلع ڈپٹی کمشنر جی جگدیش نے پیر کو منعقدہ پریس کانفرنس میں جانکاری دی۔ پہلے مرحلےمیں یعنی 22دسمبر کو اُڈپی کی 16، ہیبری کی 9،برہماور کی 27 اور بیندورکی 15گرام پنچایتوں اور دوسرے مرحلے میں یعنی 27دسمبر کو کنداپور کی 44، کارکلا کی 27 اور کاپو کی 16گرام پنچایتوں کے لئے انتخابات منعقد ہونگے۔
دکشن کنڑا:ضلع کے 223گرام پنچایتوں کے لئے یہاں بھی دومرحلوں میں الیکشن ہونگے۔ پہلے مرحلے میں منگلورو تعلقہ کی40، موڈبیدری کی 12، بنٹوال کی 57سمیت کل 109گرام پنچایتوں اور دوسرے مرحلے میں بیلتھنگڈی کی 46، پتور کی 22، سُلیا کی 25 اور کڈبا کی 21سمیت 114گرام پنچایتوں کے انتخابات ہونگے۔ ضلع میں 223 گرام پنچایت انتخابات کے لئے 1122پولنگ بوتھ اورا ضافی 428پولنگ بوتھ سمیت کل 1550پولنگ بوتھ بنائے گئےہیں۔ 5،94،496مرد، 5،44،884 خواتین اور 24دیگر سمیت کل 10،74،404افراد اپنی رائے دہی کا استعمال کریں گے۔
خیال رہے کہ ریاست میں بیدر ضلع کے سوا ریاست کے سبھی اضلاع میں بیلٹ پیپر کا استعمال کرتےہوئے ووٹ ڈالے جائیں گے۔ ووٹنگ سے پہلے اور بعد میں یعنی کل دو دن شراب کی دکانیں بند رہیں گی ، کورونا سے متاثر افراد کو ووٹنگ کے دن آخری ایک گھنٹہ ان کے لئے مختص رہے گا ، اس دوران میں وہ اپنا حق رائے دہی استعمال کریں گے۔ گرام پنچایت انتخابات میں نوٹا کے لئے کوئی موقع نہیں رہےگا۔